اسلام آباد: چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے، فنی تربیت فراہم کرنے اور انہیں عالمی روزگار کے مواقع سے جوڑنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، جبکہ مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں سے متعلق منصوبوں کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ پاکستانی میڈیا دنیا بھر میں ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مختلف پروگرامز پر عمل پیرا ہے اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کو تاریخی فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ رواں سال آئی ٹی، سافٹ اسکلز اور ایتھیکل ٹریننگ کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سعودی عرب، خلیجی ممالک، جاپان، جنوبی کوریا، یورپ، کینیڈا اور امریکہ میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔
رانا مشہود احمد نے بتایا کہ رواں سال 17 سے 18 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دے کر بیرون ملک روزگار کے لیے بھیجنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تمام منصوبوں کے لیے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور کاروبار کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ مرحلے میں 280 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے، جبکہ کامن ویلتھ کی ایک اسٹڈی کے مطابق اس اسکیم سے 9 لاکھ سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال اس اسکیم کے لیے 265 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے 12 لاکھ نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ کا متوازن بجٹ پیش کیا ہے، جس میں صنعت، ایس ایم ایز، کاٹیج انڈسٹری سمیت تمام شعبوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2027 پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے کہا کہ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر جرات مندانہ مؤقف اپنایا ہے اور بھارت کی آبی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان اپنے قومی حقوق کے دفاع کے لیے بھرپور انداز میں کھڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بحران کے دوران حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی فراہم کی، جبکہ حکومت کی تمام پالیسیوں کا مقصد معاشی استحکام، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور نوجوانوں کو قومی ترقی کا فعال حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن ہوگا۔
