Baaghi TV

روس نے دنیا کے طاقتور ترین ’سرمت‘ جوہری میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

‎روس نے اپنے جدید ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل “سرمت” کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر دفاعی اور سکیورٹی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ روسی حکام کے مطابق یہ میزائل دنیا کے طاقتور ترین جوہری ہتھیاروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
‎غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی اسٹریٹیجک میزائل فورسز کے کمانڈر سرگئی کاراکائیف نے صدر ولادیمیر پیوٹن کو اس کامیاب تجربے سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر پیوٹن نے کہا کہ روس رواں سال کے اختتام تک سرمت میزائل کو باضابطہ طور پر فوجی سروس میں شامل کر لے گا۔
‎روسی صدر نے سرمت میزائل کو “دنیا کا سب سے طاقتور جوہری میزائل” قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ ہزاروں میل دور امریکا اور یورپ میں موجود اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
‎روسی ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ اس میزائل کے وارہیڈ کی طاقت مغربی ممالک کے کسی بھی مساوی نظام سے چار گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرمت میزائل کی رینج 35 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے، جس کے باعث یہ دنیا کے کسی بھی حصے تک پہنچ سکتا ہے۔
‎پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ جدید میزائل موجودہ اور مستقبل میں تیار کیے جانے والے میزائل دفاعی نظاموں کو بھی چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق سرمت روس کی اسٹریٹیجک دفاعی طاقت کو مزید مضبوط بنائے گا۔
‎روسی اسٹریٹیجک میزائل فورسز کے سربراہ سرگئی کاراکائیف نے کہا کہ سرمت میزائل سسٹم سے لیس لانچرز کی تعیناتی روسی فوج کی جنگی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گی اور ملک کے اسٹریٹیجک دفاعی مقاصد کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔

More posts