Baaghi TV

سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش

fire

اسلام آباد: سانحہ پمز کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ سابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے رپورٹ وزیراعظم کو جمع کرائی۔ رپورٹ رات گئے وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ کے دفتر میں جمع کرائی گئی، جس کے بعد توقیر شاہ نے رپورٹ وزیراعظم کو بھجوا دی۔میڈیا رپورٹس کےمطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو رپورٹ کے مندرجات اور سفارشات سے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انکوائری کمیٹی کے ذرائع نے رپورٹ وزیراعظم آفس بھجوائے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسے منظر عام پر لانے کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق رپورٹ پر انکوائری کمیٹی کے تمام ارکان کے دستخط موجود ہیں۔ کمیٹی نے سانحہ پمز کی وجوہات اور ذمہ داروں کا بھی تعین کیا ہے۔

رپورٹ میں امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو ٹیموں کو پیش آنے والے مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ پمز کا متعلقہ عملہ جو واقعے کے وقت غیر حاضر تھا، اس کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مختلف سفارشات بھی شامل کی گئی ہیں۔ پمز انتظامیہ اور ڈاکٹروں کے انٹرویوز کے علاوہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے بیانات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔رپورٹ میں پمز اسپتال میں علاج معالجے کی صورتحال اور سہولیات کی کمی کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ اسپتال میں متعدد امور عالمی معیار کے مطابق نہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری کمیٹی نے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی وزیراعظم کو سفارش بھی کی ہے۔

More posts