پشاور: تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران 3 صوبوں اور اسلام آباد پولیس کو انتہائی مطلوب ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ارکان ہلاک ہوگئے، جبکہ گینگ کے 2 ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پشاور کے تھانہ آغا میر جانی شاہ کی حدود میں پولیس اور ڈکیت گینگ کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں گینگ کے سرغنہ وقار سمیت 4 ڈکیت ہلاک ہوگئےمقابلے کے دوران گینگ کے 2 ارکان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، مذکورہ گینگ گزشتہ تقریباً 15 سال سے جرائم میں سرگرم تھا اور اس کا نیٹ ورک خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور اسلام آباد تک پھیلا ہوا تھا۔
سی سی پی کے مطابق گینگ کے ارکان سنگین وارداتوں میں ملوث اور مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے گروہ کے اہم ارکان میں ساحل عرف سعود، اعجاز عرف پہلوان، حفیظ عرف چرّا، گران ولی اور علی عرف شینا شامل ہیں گینگ کے سرغنہ وقار کا تعلق پشاور سے تھا، جبکہ گران ولی اور علی عرف شینا افغان باشندے ہیں۔
سی سی پی کے مطابق گینگ کے ارکان مختلف مقدمات میں ایک درجن سے زائد مرتبہ نامزد اور گرفتار ہوچکے تھے، تاہم عدالتوں سے ضمانت پر رہا ہوتے رہے گینگ کے ارکان وارداتوں کے دوران سیکیورٹی فورسز سے مشابہ لباس اور آلات بھی استعمال کرتے تھے گینگ حیات آباد میں 80 لاکھ روپے جبکہ یکہ توت میں تقریباً 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی سمیت متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے، گینگ کے 2 مفرور ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔
