جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا تحفظ اور سلامتی پوری امتِ مسلمہ کی ذمہ داری ہے، سعودی عرب پر حملہ امتِ مسلمہ کی سلامتی پر حملہ تصور ہوگا۔
اپنے بیان میں مولانا فضل الرحمٰن نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی دنیا کے امن کے لیے خطرناک ہے، مسلم ممالک کو باہمی اختلافات ختم کرکے متحدہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔سربراہ جے یو آئی (ف) کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو سیاسی، معاشی اور دفاعی طور پر متحد ہونا ہوگا۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان کو مسلم دنیا کے اتحاد اور سعودی عرب کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
