Baaghi TV


فیفا ورلڈ کپ فائنل: شکیرا اور برنا بوائے کے تاریخی ہاف ٹائم شو کی تیاریاں مکمل

‎نیو جرسی: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا اور نائجیرین سپر اسٹار برنا بوائے کے خصوصی ہاف ٹائم شو کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں، جبکہ ریہرسل کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
‎شکیرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریہرسل کی مختصر ویڈیو اور چند تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو مخاطب کیا اور لکھا، "اتوار کے لیے تیار ہیں، ورلڈ کپ فائنل میں ملاقات ہوگی۔” ان کی پوسٹ کو چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد نے پسند کیا، جبکہ دنیا بھر کے فٹبال اور موسیقی کے شائقین نے ہاف ٹائم شو کے لیے بے حد جوش و خروش کا اظہار کیا۔
‎فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اور یورپی چیمپئن اسپین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، تاہم پہلی مرتبہ منعقد ہونے والا ہاف ٹائم شو بھی اس عالمی مقابلے کی ایک بڑی کشش بن گیا ہے۔
‎رپورٹس کے مطابق شکیرا اور برنا بوائے ورلڈ کپ 2026 کے آفیشل ترانے پر پرفارم کریں گے۔ اس خصوصی موسیقی پروگرام کا مقصد فٹبال کے ذریعے عالمی یکجہتی، تعلیم کے فروغ اور فیفا گلوبل سٹیزن ایجوکیشن فنڈ کی حمایت کو اجاگر کرنا ہے۔
‎ذرائع کے مطابق اس میوزیکل شو میں کئی دیگر عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے، جن میں جسٹن بیبر، میڈونا، بی ٹی ایس، گستاوو ڈوڈامل، پی ایس 22 کورس، کولڈ پلے کے اراکین، سیسمی اسٹریٹ اور دی مپٹس کے معروف کردار شامل ہو سکتے ہیں۔ تاہم فیفا کی جانب سے ان تمام فنکاروں کی شرکت کی باضابطہ تصدیق ابھی تک نہیں کی گئی۔
‎منتظمین کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں امریکی سپر باؤل کے انداز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا جائے گا، جسے ٹورنامنٹ کی تاریخ کا ایک منفرد اور یادگار لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ شو دنیا بھر میں کروڑوں ناظرین کی توجہ کا مرکز بنے گا اور کھیل کے ساتھ موسیقی کا بھی شاندار امتزاج پیش کرے گا۔

More posts