Baaghi TV

شہباز شریف سے وزیراعظم آزاد کشمیر کی ملاقات، امن، ترقی اور فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی نے ملاقات کی، جس میں شہباز شریف نے انہیں آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی امور اور خطے میں جاری فلاحی منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے لیے حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی بہتری اور خطے میں ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت اپنا تعاون جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سید افتخار علی گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور خطے کے عوام کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔

More posts