Baaghi TV

شہباز شریف کی ازبکستانی صدر سے ملاقات، 2029 تک دو طرفہ تجارت 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا عزم

بشکیک: وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارت کا حجم 2029 تک 2 ارب ڈالر تک بڑھانے اور ٹرانس پاکستان ریلوے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان صنعت، زراعت، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل، کان کنی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ازبک صدر اور عوام کو ملک کی آزادی کی 35ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کونسل نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو نئی رفتار فراہم کی ہے۔

وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون سے متعلق فیصلوں پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان معاشی روابط مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبہ وسطی اور جنوبی ایشیا کو آپس میں جوڑنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی پر جلد پیش رفت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطوں میں اضافے، بالخصوص تاشقند اور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کی آئندہ پاکستان کی صدارت کے لیے ازبکستان کی حمایت کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

More posts