وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ شہدا اور غازی قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو تنخواہ یا مراعات سے نہیں تولا جا سکتا-
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے، بظاہر مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کے تناظر میں، کہا کہ مولانا فضل الرحمان آج بھی ہمارے لیے قابل احترام ہیں، تاہم شہدا کے اہلخانہ کے جذبات کا احترام پوری قوم کی ذمہ داری ہے، پاکستان ’لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ ﷺ‘ کی بنیاد پر قائم ہوا، جبکہ دہشتگردی کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان پوری قوم کا فخر ہیں اور قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کی کوئی قیمت نہیں لگائی جا سکتی، پاک فوج کے شہدا پوری قوم کا فخر ہیں اور ان پر انگلی اٹھانا پوری قوم کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے،اختلافِ رائے اپنی جگہ، مگر شہدا کی قربانیوں کو تنخواہ یا ٹیکس سے جوڑنا درست نہیں، پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ کرنے والوں کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی ان کے بقول دشمن پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے، تاہم دہشتگردوں اور پاکستان دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور ملک کے دیگر حصوں سے تعلق رکھنے والے شہدا نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا پاکستان کی سلامتی اور عوام کا تحفظ انہی قربانیوں کا نتیجہ ہے، جبکہ پاک فوج کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی فوج ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری قیادت نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد کی ہے، حنیف عباسی نے قوم پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہو، کیونکہ موجودہ حالات قومی اتحاد، یکجہتی اور شہدا کے احترام کے متقاضی ہیں-
