Baaghi TV

سیالکوٹ میں پیرا فورس پر سنگین الزامات، شہری اینٹی کرپشن پہنچ گیا

سیالکوٹ بیورو چیف مدثر رتو سے

سیالکوٹ میں پیرا فورس کے بعض اہلکاروں کی مبینہ بدعنوانیوں اور رشوت طلبی کے خلاف ایک شہری نے اینٹی کرپشن میں باقاعدہ درخواست دائر کر دی۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ مبینہ طور پر رشوت کا مطالبہ پورا نہ کرنے پر انتقامی کارروائی کرتے ہوئے اس کے موبائل نمبر کو ہوٹل مالک ظاہر کر کے انکروچمنٹ کا چالان کر دیا گیا۔

شہری نے اپنے مؤقف کے حق میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد بھی متعلقہ حکام کے سامنے پیش کر دیے ہیں۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایک بے گناہ شہری کو ہراساں کیا گیا اور سرکاری طاقت کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔درخواست گزار نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔اگر یہ الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف اختیارات کے ناجائز استعمال بلکہ عوامی خدمت کے نام پر بدعنوانی کی ایک سنگین مثال ہوگی، جس پر سخت اور فوری کارروائی ناگزیر ہے۔

More posts