نوشہرہ میں تھانہ اکوڑہ خٹک پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سابق افغان مہاجر کیمپ شنہ ونہ سے تقریباً 7 کلو گرام وزنی خودکش جیکٹ برآمد کر لی۔
پولیس کے مطابق مشکوک بوری کی اطلاع ملنے پر بھاری نفری نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ تلاشی کے دوران بوری سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی۔بم ڈسپوزل یونٹ نے خودکش جیکٹ کو محفوظ طریقے سے اپنی تحویل میں لے لیا، جبکہ پولیس نے احتیاطی تدابیر کے تحت علاقے میں سرچ آپریشن مزید وسیع کر دیا ہے اور سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کر دیے گئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ علاقے کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
