Baaghi TV

ریاض میں صوفہ فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 16 بنگلا دیشی مزدور جاں بحق

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی مزدور جاں بحق ہوگئے۔

بنگلا دیش کی وزارت خارجہ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کے روز ریاض کے الصِفا ضلع کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک صوفہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔بنگلا دیشی سفارتخانے کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی شہری جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حادثے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔بنگلا دیش کے وزیر برائے اوورسیز ویلفیئر عریف الحق چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں بنگلا دیشی سفارتخانے کے ذریعے مقامی حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جاں بحق ہونے والے تارکین وطن کی میتیں جلد از جلد بنگلا دیش منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو حکومتی امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے سول ڈیفنس ادارے نے بھی ریاض میں ایک غیر لائسنس یافتہ فرنیچر سازی کی جگہ پر آتشزدگی کی تصدیق کی ہے، تاہم ادارے کی جانب سے ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں جنوبی ایشیائی تارکین وطن روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 لاکھ سے زائد بنگلا دیشی شہری سعودی عرب میں رہائش پذیر ہیں۔

More posts