Baaghi TV

پی ٹی آئی کی عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اپنے قائد عمران خان کے لیے این آر او حاصل کرنے کی خواہش اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہاکہ آج تحریک انصاف کے بے شمار بانیوں میں سے ایک کو عدلیہ کی جانب سے غیر معمولی ریلیف ملا، اور پارٹی نے جس انداز میں اس فیصلے کا جشن منایا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اپنے نااہل قائد کو کسی بھی طریقے سے جیل سے باہر لانے کے لیے بے حد بے تاب ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہی وہ شخص ہے جو ماضی میں مطالبہ کرتا رہا کہ دیگر سیاستدانوں کو جیلوں میں ڈالا جائے اور ان کی قید کو مزید سخت بنایا جائے،اس سے بڑھ کر ستم ظریفی کا یوٹرن شاید ہی کوئی ہو سکتا ہے کہ جس شخص کو کبھی ناقابل شکست اور خود ساختہ آئرن مین کے طور پر پیش کیا جاتا تھا، آج اس کی پوری جماعت شدت کے ساتھ مطالبہ کررہی ہے کہ اسے جیل سے اسپتال منتقل کیا جائے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ ماضی میں بھی جیلوں میں موجود قیدیوں کے لیے اسپتالوں میں علاج کی سہولت دستیاب رہی ہے اور آج بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں کہ عمران خان کو فوری، مؤثر اور مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، تاہم عدالتی فیصلوں پر جشن منانے سے پہلے تحریک انصاف کو اپنے ہی بیانیے میں موجود واضح تضادات کا ضرور جواب دینا چاہیے،یہ قدرت کا انتقام ہے، آج غرور کے ہمالیہ پہاڑوں سے بھی مارگلہ کی پہاڑیاں زیادہ بلند دکھائی دے رہی ہیں۔

انہوں نے ساتھ ہی دعاکرتے ہوئے کہاکہ خلوص کے ساتھ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو تمام بیماریوں سے شفا عطا فرمائے۔

More posts