Baaghi TV

پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عالمی حالات نہیں بلکہ حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے، شاہد آفریدی

shahid afridi

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس اہداف پورے نہ ہونے کا بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے ان کے لیے ریلیف اور آسانیاں پیدا کی جائیں، ان سے روٹی نہ چھینی جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر جاری اپنے ایک بیان میں شاہد خان آفریدی نے ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے،انہوں نے لکھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صرف عالمی منڈی کے رجحانات کا نتیجہ نہیں، بلکہ اس میں حکومتی معاشی نااہلی کا بھی واضح عمل دخل ہے۔

انہوں نے نظامِ محاصل کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے نشاندہی کی کہ جب معاشی ادارے ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں، تو اس کا تمام تر ملبہ براہِ راست غریب عوام پر گرا دیا جاتا ہے،حکومت پیٹرول پر بھاری ٹیکس عائد کر کے عوام کی جیبوں سے اپنا خسارہ پورا کرتی ہے، جو کہ ایک غیر منصفانہ طرزِ حکمرانی ہے۔

شاہد خان آفریدی نے عام آدمی کی ابتر معاشی حالت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہوشربا مہنگائی نے غریب کے لیے 2 وقت کی روٹی کا حصول بھی محال کر دیا ہے،عوام پہلے ہی شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں، لہٰذا ان پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ان کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان میں آئی ایم ایف کی شرائط اور دیگر معاشی عوامل کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بنیادی اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آیا ہےروزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور عام آدمی کی قوتِ خرید شدید متاثر ہوئی ہے۔

More posts