Baaghi TV


کبڈی میلے میں چوروں کا دھاوا، مہمانِ خصوصی سمیت متعدد افراد لٹ گئے

‎سرائے مغل: نواحی علاقے بھسین میں منعقدہ کبڈی میلے کے دوران چوروں نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متعدد افراد کو لوٹ لیا اور موقع سے فرار ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔
‎پولیس کے مطابق واردات اس وقت پیش آئی جب کبڈی میچ میں مہمانِ خصوصی کی آمد پر ان کے استقبال کے لیے لوگوں کا ہجوم جمع تھا۔ اسی دوران جیب تراشوں نے رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کئی افراد کی جیبیں صاف کر دیں۔
‎ابتدائی تحقیقات کے مطابق چور ایک لاکھ 94 ہزار روپے نقدی اور دو قیمتی موبائل فون لے اڑے۔ حیران کن طور پر ملزمان نے مہمانِ خصوصی کو بھی نہیں بخشا اور انہیں بھی واردات کا نشانہ بنایا۔
‎واقعے کے بعد متاثرہ افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر تھانہ سرائے مغل پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور مقدمہ درج کر لیا۔
‎پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میلے میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
‎علاقہ مکینوں نے عوامی اجتماعات اور میلوں میں سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتے ہیں، اس لیے آئندہ تقریبات میں پولیس کی موثر نفری اور نگرانی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

More posts