Baaghi TV


ٹرمپ کی سینیٹ پر تنقید، 60 ووٹ شرط ختم کرنے کا مطالبہ

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی سینیٹ کے طریقہ کار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں ریپبلکنز کو قانون سازی میں غیر ضروری رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے سادہ اکثریت کی بنیاد پر سینیٹ کو ’ریپبلکن سینیٹ‘ قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹ سینیٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
‎ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس سینیٹ میں فلی بسٹر کے ذریعے ریپبلکن پارٹی کے بلز کو روک رہے ہیں، جس کے باعث اہم قانون سازی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ریپبلکن سینیٹ آخر کب تک اس صورتحال کو برداشت کرے گی۔
‎انہوں نے تجویز دی کہ سینیٹ میں بل کی منظوری کے لیے 60 ووٹوں کی لازمی شرط ختم کر دی جانی چاہیے، کیونکہ اس شرط کے باعث متعدد اہم بلز، بشمول سیو امریکا ایکٹ، منظور نہیں ہو پا رہے۔ ٹرمپ کے مطابق اگر یہ شرط برقرار رہی تو ریپبلکنز کے لیے اپنی پالیسیوں پر عمل درآمد مشکل ہو جائے گا۔
‎ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ڈیموکریٹس کو موقع ملا تو وہ خود بھی اقتدار میں آ کر اس شرط کو ختم کر دیں گے، اس لیے ریپبلکنز کو بھی اسی حکمت عملی پر عمل کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں غیر مؤثر نظام کو برقرار رکھنا سیاسی طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
‎سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق سینیٹ کے قواعد و ضوابط میں تبدیلی ایک بڑا آئینی اور سیاسی معاملہ ہے، جس پر دونوں جماعتوں کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ اگر 60 ووٹوں کی شرط ختم کی جاتی ہے تو اس کے امریکی قانون سازی کے نظام پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

More posts