Baaghi TV

ٹرمپ کا 8 ایرانی خواتین کو رہا کرنے کا مطالبہ

‎امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں سزائے موت کی منتظر آٹھ خواتین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایرانی قیادت کو براہ راست پیغام دیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اسرائیل کے حمایتی ایکٹوسٹ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس معاملے کو اجاگر کیا۔
‎تفصیلات کے مطابق ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ درخواست ایران کے رہنماؤں کے لیے ہے، جو جلد ہی ان کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان خواتین کی رہائی کو وہ مثبت قدم کے طور پر دیکھیں گے اور یہ مذاکرات کے آغاز کے لیے ایک بہتر اشارہ ہوگا۔
‎امریکی صدر نے مزید کہا کہ انہیں امید ہے ایرانی قیادت اس درخواست کا احترام کرے گی اور ان خواتین کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ انسانی ہمدردی کے تحت ان قیدی خواتین کو رہا کیا جانا چاہیے۔
‎اس پوسٹ کے ساتھ آٹھ خواتین کی تصاویر بھی شیئر کی گئی ہیں، تاہم اب تک صرف ایک خاتون کی شناخت ہو سکی ہے جو رواں برس حکومت مخالف مظاہروں میں شریک رہی تھی۔ دیگر خواتین کے بارے میں تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
‎دوسری جانب امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان خواتین کی گرفتاری اور قید کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی، جس کے باعث اس معاملے پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔
‎ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات سفارتی دباؤ بڑھانے کی کوشش بھی ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی باتیں جاری ہیں۔

More posts