باجوڑ: خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے علاقے بندگوئی قذافی میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ایک ہی خاندان کے متعدد افراد شدید متاثر ہو گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کیا گیا، جہاں والدین سمیت سات افراد مختلف اسپتالوں میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 12 سالہ علیشا اور 5 سالہ پاکیزہ شامل ہیں۔ افسوسناک واقعے کے بعد علاقے اور متاثرہ خاندان میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سالن میں چھپکلی گرنے کے باعث کھانا آلودہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں یہ سانحہ پیش آیا۔ تاہم متعلقہ ڈاکٹروں اور حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی طبی یا فرانزک رپورٹ جاری نہیں کی گئی، اس لیے واقعے کی اصل وجہ کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور طبی معائنے کی حتمی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔
باجوڑ میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچے جاں بحق، 7 افراد کی حالت تشویشناک
