قصور میں ایک نوجوان پر مبینہ تیزاب حملے کے واقعے میں پولیس نے دو لڑکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزمہ نے نوجوان کو ملاقات کے بہانے بلایا اور اسے موٹر سائیکل پر قریبی علاقے رنگ پور جانے کا کہا۔ جب دونوں ایک ویران مقام پر پہنچے تو موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھی لڑکی نے اپنے پرس سے تیزاب کی بوتل نکال کر نوجوان پر پھینک دی اور اپنے ساتھی کے ساتھ موقع سے فرار ہوگئی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ نوجوان روزگار کے سلسلے میں ملائیشیا میں مقیم تھا اور تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل پاکستان واپس آیا تھا۔ واقعے کے بعد اس نے تھانہ صدر قصور میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ دو موٹر سائیکلوں پر چائے پینے جا رہا تھا کہ رنگ پور کے قریب سامنے سے آنے والی موٹر سائیکل پر سوار ملزمہ نے اس پر تیزاب پھینک دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق تیزاب نوجوان کے سر، چہرے اور آنکھوں پر گرا، جس کے باعث اس کی بینائی شدید متاثر ہوئی اور وہ موٹر سائیکل سے گر گیا۔ متاثرہ شخص کا مزید کہنا ہے کہ گرنے کے بعد ملزمہ نے اس کی جیب سے ساٹھ ہزار روپے نقد، ضروری کاغذات اور آدھا تولہ وزنی طلائی چین بھی نکال لی۔
متاثرہ نوجوان کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کی آنکھوں کی جھلی متاثر ہوئی ہے اور مزید علاج جاری ہے۔ نوجوان نے اپنی درخواست میں الزام عائد کیا کہ اس پر حملہ اس کی سابقہ اہلیہ کی ایما پر کیا گیا، جسے اس نے کچھ عرصہ قبل طلاق دی تھی۔
دوسری جانب ملزمہ کے اہل خانہ نے مختلف مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان مسلسل ان کی بیٹی کو شادی کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا، بار بار پیغامات بھیجتا تھا اور راستہ روک کر ہراساں کرتا تھا۔ ان کے مطابق اسی صورتحال سے تنگ آ کر ان کی بیٹی نے اپنی دوست، جو نوجوان کی سابقہ بیوی بھی بتائی جا رہی ہے، کے ساتھ مل کر یہ قدم اٹھایا۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری ہیں اور حتمی حقائق سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
پاکستان میں تیزاب گردی کے زیادہ تر واقعات خواتین کے خلاف رپورٹ ہوتے رہے ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں مردوں پر بھی ایسے حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی اور مؤثر روک تھام کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
قصور میں نوجوان پر تیزاب حملہ، دو لڑکیاں گرفتار
