Baaghi TV


امریکا ایران سے رابطے میں، معاہدہ قومی سلامتی سے مشروط

‎واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی مذاکرات کار ایران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، تاہم موجودہ جنگی صورتحال میں ایران کو اپنی داخلی قیادت کے حوالے سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ترجمان وائٹ ہاؤس اینا کیلی نے امریکی میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں لیکن کسی بھی ممکنہ معاہدے کو امریکی قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق ہی آگے بڑھایا جائے گا۔
‎ترجمان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ایران کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ اسی وقت ممکن ہوگا جب وہ امریکا کے سیکیورٹی مفادات کو مکمل طور پر یقینی بنائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
‎اینا کیلی نے مزید کہا کہ موجودہ کشیدگی کے دوران ایران اندرونی سطح پر بھی مشکلات کا شکار ہے، جس کی وجہ سے مذاکراتی عمل پیچیدہ ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا سفارتی راستہ کھلا رکھنا چاہتا ہے، لیکن اس کے ساتھ ساتھ اپنی پالیسی پر سختی سے قائم بھی ہے۔
‎یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایران پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو غیر جوہری معاہدے تک پہنچنے کا طریقہ نہیں آتا اور اسے جلد سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اس بیان نے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔

More posts