Baaghi TV

امریکی حملوں سے جنوبی ایران میں 116 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز تباہ، مواصلاتی نظام شدید متاثر

‎امریکا نے مسلسل ساتویں رات بھی ایران کے مختلف علاقوں میں حملے کیے، جن کے نتیجے میں جنوبی ایران میں ایک ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نقصان پہنچنے سے تقریباً 10 ہزار افراد پانی کی فراہمی سے محروم ہو گئے۔ دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خلیجی ممالک میں امریکی اتحادی تنصیبات کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا، جبکہ بعض ممالک نے حملوں اور فضائی خطرات کی تصدیق کی۔
‎ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ہرمزگان واٹر اینڈ ویسٹ واٹر کمپنی کے سربراہ حمزہ پور نے بتایا کہ جنوبی شہر جاسک میں واقع بنجی ڈی سیلینیشن پلانٹ کے سمندری پانی پمپنگ اسٹیشن اور بجلی کے ٹرانسفارمر امریکی حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ان کے مطابق اس کے نتیجے میں 20 دیہات میں پانی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے اور تقریباً 10 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔

‎امریکا کے مسلسل فضائی حملوں کے دوران جنوبی ایران کے صوبہ ہرمزگان میں مواصلاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں 116 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز غیر فعال ہو گئے، جس کے باعث متعدد علاقوں میں موبائل فون، لینڈ لائن اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی ہے۔
‎ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ہرمزگان کے محکمہ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سربراہ نے بتایا کہ رات بھر ہونے والے امریکی حملوں نے بندر عباس اور حاجی آباد سمیت صوبے کے شمالی علاقوں میں ٹیلی کمیونیکیشن کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد مجموعی طور پر 116 مواصلاتی ٹاورز سروس سے باہر ہو گئے، جس سے کئی علاقوں میں موبائل نیٹ ورک، فکسڈ لائن ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات شدید متاثر ہوئیں۔ متعلقہ اداروں نے متاثرہ نظام کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں تاحال رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
‎دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اعلان کیا کہ اس نے رات بھر ایران میں نگرانی کے مراکز، فوجی لاجسٹکس انفراسٹرکچر، زیرزمین اسلحہ گوداموں اور بحری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔ امریکی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیتوں کو کمزور کرنا تھا۔
‎ایران نے ان حملوں کے جواب میں خلیجی خطے میں امریکی اتحادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔ کویت نے اپنے فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ دو بجلی اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس حملوں کی زد میں آئے، جبکہ آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران متعدد فائر فائٹرز زخمی ہوئے۔
‎اسی دوران بحرین میں کئی مرتبہ فضائی حملے کے سائرن بجائے گئے اور حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔
‎اردن نے بھی تصدیق کی کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے 10 ایرانی بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے۔

More posts