اسلام آباد: عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مون سون سیزن اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ادویات اور طبی سامان کی بڑی کھیپ فراہم کر دی ہے، جس سے تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے۔
ڈبلیو ایچ او کے ترجمان کے مطابق ادویات اور طبی سامان پر مشتمل 9 ٹرک ملک کے مختلف علاقوں کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ یہ امدادی سامان بالخصوص سیلاب اور قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ متاثرہ آبادی کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ترجمان نے بتایا کہ فراہم کی جانے والی کھیپ میں اینٹی بائیوٹکس، درد کش ادویات، ڈرپ بوتلیں، بلڈ پریشر اور الرجی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انفیکشن سے بچاؤ کے لیے آئی پی سی کٹس بھی فراہم کی گئی ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق مون سون کے دوران پھیلنے والی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے ملیریا، ڈینگی اور آلودہ پانی سے پیدا ہونے والے امراض کی تشخیصی کٹس بھی پاکستان کے حوالے کی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر طبی تیاریوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت میں متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ طبی امداد پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور قدرتی آفات کے دوران عوام کو ضروری طبی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
عالمی ادارۂ صحت کی پاکستان کو ادویات کی بڑی کھیپ
