Baaghi TV

وزیراعظم سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات

pk

وزیراعظم شہباز شریف سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی-

وفد کی قیادت روٹری کے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے چیئرمین مائیک میکگورن کر رہے تھے، جبکہ گیٹس فاؤنڈیشن کے صدر برائے گلوبل ڈیویلپمنٹ کرس ایلائیس، ڈبلیو ایچ او مشرقی بحیرہ روم کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف، گاوی اور پاکستان میں انسدادِ پولیو کے دیگر عالمی شراکت داروں کے نمائندے بھی وفد میں شامل تھے۔

وزیراعظم نے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے ساتھ انسدادِ پولیو مہم میں تعاون پر تمام بین الاقوامی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا،انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے عزم پر ثابت قدم ہے پولیو کا خاتمہ ایک اہم قومی ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے اور شراکت دار باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔

انہوں نے خاص طور پر جنوبی خیبرپختونخوا کے پولیو ہاٹ اسپاٹس میں مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کی وزیراعظم نے روٹری انٹرنیشنل، گیٹس فاؤنڈ یشن، عالمی ادارۂ صحت، یونیسیف، کنگ سلمان ریلیف، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن، امریکا اور دیگر عالمی شراکت داروں کی جانب سے انسدادِ پولیو کے لیے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال، وزیرِ مملکت برائے صحت، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹرعائشہ رضا فاروق، نیشنل کوآرڈ ینیٹر برائے انسدادِ پولیو اور حکومتی ٹیم کی خدمات کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اس موقع پر پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکو مت پاکستان کے اقدامات اور حالیہ نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وفد نے پولیو سے پاک پاکستان کے ہدف کے حصول کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ملاقات میں وفاقی وزیر قومی صحت مصطفی کمال، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

More posts