لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے کے مقدمے میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے عدالت کے حکم پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا، جبکہ ملزمہ کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے۔وکیل صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ فلک جاوید خاتون ہیں اور قانون کے مطابق انہیں ضمانت کا حق حاصل ہے۔ وکیل نے بتایا کہ ملزمہ نے جیل سے وکیل کے ذریعے بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جبکہ مقدمے کی تفتیش بھی مکمل ہوچکی ہے، اس لیے انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔
دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید زمان پارک میں اسلام آباد پولیس کے افسران پر حملے کے مقدمے میں ملوث ہیں اور وہ اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں تھیں۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کے لیے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
