پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بس ہوسٹس خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعے میں ملوث ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق زیر حراست شخص نے مبینہ طور پر ہوٹل منیجر کے ساتھ ملی بھگت کر کے متاثرہ خاتون کے لیے ہوٹل میں کمرہ حاصل کیا۔ مدعیہ کے بیان کے مطابق ملزم ہوٹل کے کمرے میں داخل ہوا اور اسے مبینہ طور پر بے ہوش کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث متاثرہ بس ہوسٹس ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلی اور مجبوری کے تحت پیرودھائی کے علاقے میں ایک ہوٹل میں قیام کیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم نے متاثرہ خاتون کو ترنول سے گاڑی کے ذریعے ہوٹل پہنچایا، جہاں وہ آرام کے لیے کمرے میں موجود تھی۔ کچھ دیر بعد ملزم مبینہ طور پر دوبارہ کمرے میں داخل ہوا اور یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
