لاہور میں شالیمار پولیس نے 14 سالہ نابالغ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام میں اس کے ہمسایہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے چند گھنٹوں کے اندر ملزم کو ٹریس کرکے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کو تھانہ شالیمار میں نابالغ لڑکی سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کاشف عرف کاشی نے بچی کو جھوٹ بول کر اپنے گھر بلایا کہ اس کی والدہ وہاں موجود ہیں اور اسے بلا رہی ہیں۔پولیس کے مطابق بچی کے گھر میں داخل ہوتے ہی ملزم نے دروازہ اندر سے بند کر لیا اور اس کے ساتھ مبینہ طور پر زبردستی غیر فطری فعل اور زیادتی کی۔ واقعے کے بعد ملزم بچی کو اس کے گھر چھوڑ گیا اور کسی کو بتانے کی صورت میں اسے قتل کرنے کی دھمکیاں دیں۔اہلخانہ کی جانب سے پوچھ گچھ پر 14 سالہ بچی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق تمام تفصیلات بتائیں، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
شالیمار پولیس نے ملزم کاشف کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ایس پی سول لائنز منزہ کرامت نے کہا ہے کہ زیادتی جیسے گھناونے جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی
