Baaghi TV

حکومت نے تاجروں کیلئے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی

اسلام آباد: حکومت نے تاجروں اور چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ریٹیلر اسکیم ایپ لانچ کردی۔

اسلام آباد میں وزیر خزانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ کا آج سے باقاعدہ اجرا کردیا گیا ہے، جبکہ یہ ایپ تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ ان دکانداروں کے لیے بھی ہے جو ابھی تک ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں۔ ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے اور چھوٹے تاجر موبائل فون کے ذریعے ٹیکس ریٹرن بھی فائل کرسکیں گے۔بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تحت رجسٹرڈ دکانداروں کو پوائنٹ آف سیلز سے استثنیٰ دیا جائے گا، جبکہ چھوٹے دکانداروں کو کم از کم 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ تاجروں کو گرین پلیٹ جاری کی جائے گی اور جس دکان پر گرین پلیٹ نصب ہوگی وہاں ایف بی آر افسر داخل نہیں ہوگا۔وزیر مملکت نے بتایا کہ ایپ میں رجسٹرڈ دکانداروں کی سیل پر ایک فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ ستمبر کے پہلے ہفتے تک ریٹیلر اسکیم ایپ مقامی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگی۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اسکیم کے ذریعے لاکھوں تاجر ٹیکس نیٹ میں شامل ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ اسکیم کامیاب ہوتی ہے تو اس سے سیلری کلاس پر ٹیکس کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت تنخواہ دار طبقے کے لیے بھی ٹیکس ریٹرن کا عمل آسان بنا رہی ہے اور سیلری کلاس کا ٹیکس ریٹرن فارم مزید سادہ کیا جائے گا۔

More posts