وینزویلا میں گزشتہ ہفتے آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد امدادی کارروائیوں کے دوران ایک خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ملبے تلے دبے 21 سالہ نوجوان کو کئی روز بعد زندہ نکال لیا گیا۔
ایل سلواڈور کے صدر نایب بوکیلے نے بتایا کہ امدادی ٹیموں نے 21 سالہ آرون لیوی کانٹیلو وارگاس کو کامیاب کارروائی کے بعد ملبے سے بحفاظت باہر نکال لیا۔ ان کے مطابق نوجوان زندہ ہے اور اسے فوری طور پر خصوصی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صدر نایب بوکیلے نے اس کامیاب ریسکیو آپریشن کو "معجزہ” قرار دیتے ہوئے امدادی کارکنوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انتھک کوششوں کو سراہا۔
رپورٹس کے مطابق اس ریسکیو آپریشن میں ایل سلواڈور، میکسیکو اور وینزویلا کی امدادی ٹیموں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد نوجوان کو ملبے سے محفوظ نکالنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔
یہ ریسکیو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وینزویلا میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں چوتھے روز بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ امدادی کارکن اب بھی ملبے تلے دبے ممکنہ متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
وینزویلا میں ملبے تلے دبے 21 سالہ نوجوان کو زندہ نکال لیا گیا
