Baaghi TV

شارجہ سے کراچی آنے والے کارگو طیارہ حادثے میں پائلٹ سمیت 5 افراد کی موت

کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا ایک نجی ایئرلائن کا کارگو طیارہ کراچی کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار عملے کے تمام پانچ ارکان جاں بحق ہوگئے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا کارگو طیارہ شارجہ سے کراچی آرہا تھا۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے جن میں پائلٹ رضوان ادریس، معاون پائلٹ فیصل جتوئی، انجینئر محمد حامد، انجینئر محمد عارف اور لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان شامل تھے۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد طیارہ کراچی کے قریب سمندر میں لاپتا ہوگیا، جس کے فوری بعد بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ امدادی کارروائیوں میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور دیگر متعلقہ ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے لیے پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ پاک فضائیہ کا ساب طیارہ بھی فضائی تلاش میں شریک ہے۔اس کے علاوہ پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ تربت سے پرواز کرکے سرچ آپریشن میں شامل ہو چکا ہے، جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے تجارتی جہاز لاہور کو بھی متاثرہ علاقے میں تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیمیں سمندر میں طیارے کے ملبے اور دیگر شواہد کی تلاش میں مصروف ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک طیارے کا ملبہ اور دیگر ضروری شواہد مکمل طور پر حاصل نہیں کر لیے جاتے۔ دوسری جانب حادثے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

More posts