Baaghi TV

ازبکستان نے افغانستان سے آنے والا منشیات بردار ڈرون مار گرایا

drugs

ازبکستان کی سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دو کلوگرام سے زائد افیون برآمد کر لی۔

ازبک میڈیا کے مطابق ازبکستان کی ریاستی سیکیورٹی سروس نے افغانستان سے متصل سرحد پر ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے،حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش سامنے آئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے دریائے آمو کے افغان کنارے سے ایک ڈرون کے ساتھ دو کلوگرام سے زائد افیون باندھ کر اسے ازبکستان کے صوبہ سرخندریا کی جانب روانہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کے فوری ردعمل کے نتیجے میں ڈرون کو اپنی منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر قبضے میں لے لیا گیا۔

ریاستی سیکیورٹی سروس کے مطابق واقعے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ڈرون روانہ کرنے والوں کی شناخت کے لیے کارروائی جاری ہےتفتیش کے دوران ڈرون کے لانچنگ مقام، منشیات کی متوقع منزل اور سرخندریا میں ممکنہ سہولت کاروں کا بھی تعین کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق طالبان کے افغانستان میں دوبارہ برسرِ اقتدار آنے کے بعد ملک میں افغانستان سے آنے والی منشیات کی متعدد کھیپیں پکڑی جا چکی ہیں، تاہم ڈرون کے ذریعے سرحد پار منشیات اسمگل کرنے کی یہ پہلی رپورٹ ہے، واقعے کے حوالے سے فوجداری مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

More posts