لاہور میں طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیس میں پولیس اور جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی کارروائیاں تیز ہو گئی ہیں۔ قتل کے مرکزی ملزم امیر فتح کی گرفتاری کے لیے شاہ عالمی میں اس کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا، تاہم ملزم موقع پر موجود نہیں تھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس جب شاہ عالمی میں واقع امیر فتح کے گھر پہنچی تو مکان بند تھا اور تالے لگے ہوئے تھے، جس کے باعث ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا اور ممکنہ ٹھکانوں سے متعلق معلومات اکٹھی کیں، تاہم امیر فتح کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔دوسری جانب جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے امیر فتح کے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد سے مرکزی ملزم اور دیگر ممکنہ شریک ملزمان کے بارے میں تفصیلی پوچھ گچھ کی جائے گی
واضح رہے کہ آج سیشن عدالت نے امیر فتح کی عبوری ضمانت خارج کر دی تھی، جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں مزید تیز کر دی ہیں۔ جے آئی ٹی اپنی تفتیش مکمل کرتے ہوئے پہلے ہی امیر فتح کو اس قتل کیس میں قصوروار قرار دے چکی ہے۔یاد رہے کہ جاوید بٹ کو گزشتہ سال لاہور کے کینال روڈ پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے نے شہر میں سنسنی پھیلا دی تھی اور کیس کی حساس نوعیت کے پیش نظر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ پولیس اور تفتیشی اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیں۔
