میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار: مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو میں ابرار کولاچی کے قتل کے خلاف لواحقین اور قریبی رشتہ داروں نے ایس ایس پی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور شفاف و منصفانہ انکوائری کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کے دوران ابرار کولاچی کے ایک قریبی رشتہ دار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصل قاتل بھاءُ کوڑا کولاچی کو بے نقاب کرنا چاہتے ہیں اور پولیس کی جانب سے بے گناہ افراد کو غلط طور پر ملوث کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
مظاہرین نے قرآنِ پاک ہاتھ میں اٹھا کر نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ پولیس اور عدالتی ادارے غیرجانبدار تحقیقات کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حقائق سامنے نہ لائے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔
احتجاج میں خواتین بھی شریک تھیں، جنہوں نے جذباتی انداز میں انصاف کی اپیل کی اور کیس میں جانبداری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقامی شہریوں نے بھی زور دیا کہ اصل ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اور بے گناہوں کی گرفتاری کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔
