فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک سب ایجنٹ کے ہمراہ افغان شہری بھی گرفتار کرلیے ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق سب ایجنٹ ڈرائیور عرفان کو گرفتار کیا، جس کے ساتھ 8 افغان باشندے بھی پکڑے گئے ہیں، اس ضمن میں مرکزی ملزمان گل بدین اور غمائی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے،دونوں مرکزی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک موبائل فون برآمد ہوا، جس سے واٹس ایپ چیٹس، تصاویر اور دیگر ریکارڈ حاصل کیے گئے ہیں، جو انسانی اسمگلنگ میں اس کے ملوث ہونے کے واضح شواہد فراہم کرتے ہیں،اس کارروائی میں استعمال ہونے والی گاڑی اور رکشہ کو بھی ایف آئی اے نے تحویل میں لے لیا ہے گرفتار سب ایجنٹ کے براہِ راست افغانستان میں موجود ایجنٹ تاج محمد اور کامل کے ساتھ رابطے ہیں،ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
