افغانستان میں سول آبادی کو نشانہ بنانے سے متعلق گردش کرنے والے دعوؤں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے پاک فوج نے کہا ہے کہ کارروائیوں میں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کے مطابق اقوام متحدہ کے امدادی مشن برائے افغانستان (یوناما) کی ایک رپورٹ کو بنیاد بنا کر بعض افغان اور بھارتی میڈیا اداروں نے ایسا تاثر دینے کی کوشش کی کہ کارروائیوں میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم یہ دعویٰ درست نہیں۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان رجیم کی عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا اور کسی بھی قسم کی کارروائی شہری آبادی کے خلاف نہیں کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فورسز نے مخصوص فوجی اور دہشتگرد اہداف کو نشانہ بنایا، جن میں افغان طالبان کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز بھی شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف کارروائیوں میں شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتا ہے اور ہر آپریشن بین الاقوامی اصولوں اور احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔
افغانستان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ گمراہ کن قرار، پاک فوج کی وضاحت
