امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العُتیبہ نے ایک امریکی اخبار میں شائع مضمون میں ایران کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو خطے اور عالمی معیشت کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے اپنے مضمون میں کہا کہ موجودہ صورتحال میں صرف جنگ بندی کافی نہیں ہے بلکہ ایک ایسا جامع اور دیرپا حل ضروری ہے جو ایران سے وابستہ تمام خطرات کا احاطہ کرے۔ ان کے مطابق ان خطرات میں ایران کا جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل، ڈرون ٹیکنالوجی اور خطے میں موجود پراکسی نیٹ ورکس شامل ہیں۔
یوسف العُتیبہ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ وقتی اقدامات کے بجائے ایسے فیصلے کیے جائیں جو مستقبل میں کسی بھی ممکنہ بحران کو روک سکیں۔
سفیر امارات نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی معیشت کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے اس مسئلے کا سنجیدہ اور مؤثر حل ناگزیر ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بیان کو خطے میں جاری سفارتی سرگرمیوں اور ایران سے متعلق عالمی پالیسیوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، جہاں مختلف ممالک اپنے اپنے مفادات اور سیکیورٹی خدشات کے مطابق مؤقف اختیار کر رہے ہیں۔
ایران کو خطے اور عالمی معیشت یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اماراتی سفیر
