نیویارک: معروف امریکی سپر ماڈل، اداکارہ اور مصنفہ امیلی راتاجکوسکی نے اپنی نئی کتاب "Mother F*cker” کے اشاعتی حقوق ایک بڑے معاہدے کے تحت فروخت کر دیے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کتاب کے حقوق حاصل کرنے کے لیے 12 معروف اشاعتی اداروں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جس کے بعد پینگوئن پریس نے سات ہندسوں (ملین ڈالرز) پر مشتمل معاہدے کے ذریعے کتاب کے حقوق حاصل کر لیے۔یہ کتاب امیلی راتاجکوسکی کے اس مضمون پر مبنی ہے جو انہوں نے دی کٹ کے لیے تحریر کیا تھا اور سوشل میڈیا پر غیرمعمولی طور پر وائرل ہوا تھا۔ مضمون میں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کے خاتمے کے بعد بطور سنگل ماں اپنی ذاتی زندگی، تعلقات اور خود کو دوبارہ دریافت کرنے کے تجربات پر کھل کر اظہار خیال کیا تھا۔
امیلی راتاجکوسکی اس سے قبل 2021 میں اپنی کتاب My Body شائع کر چکی ہیں، جس میں انہوں نے فیشن انڈسٹری، شہرت، خواتین کے جسم اور ذاتی آزادی جیسے موضوعات پر گفتگو کی تھی۔ ان کی نئی کتاب بھی انہی موضوعات کو مزید ذاتی انداز میں آگے بڑھاتی ہے۔رپورٹس کے مطابق ایملی نے اپنی نئی کتاب میں کسی بھی شخصیت کا نام براہ راست ظاہر نہیں کیا، تاہم انہوں نے اپنی مختلف ملاقاتوں اور تعلقات کو فرضی شناختوں کے ذریعے بیان کیا ہے۔ کتاب میں وہ مختلف مردوں کا ذکر منفرد انداز میں کرتی ہیں، جن میں ایک "ایلڈر ملینیل”، ایک ویگن گرافٹی آرٹسٹ، ایک شیف، ایک ہسپانوی نوجوان، ایک ارب پتی کے بیٹے سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔
اگرچہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، لیکن ان کی طلاق کے بعد ماضی میں ان کا نام متعدد معروف شخصیات سے جوڑا جاتا رہا، امیلی راتاجکوسکی نے اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ 2022 میں اپنے شوہر Sebastian Bear-McClard سے علیحدگی کے بعد وہ کئی برس تک مسلسل مختلف لوگوں سے ملتی رہیں، کیونکہ وہ یہ جاننا چاہتی تھیں کہ وہ بطور آزاد عورت اپنی شناخت کس طرح قائم کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں مداحوں سے کہا تھا کہ نئی کتاب میں وہ طاقت، مردوں، تعلقات اور سب سے بڑھ کر اپنی ذات کے بارے میں حاصل ہونے والے تجربات بیان کریں گی۔ ان کا یہی مضمون بعد ازاں اتنا مقبول ہوا کہ بڑے اشاعتی اداروں نے اس پر مبنی مکمل کتاب شائع کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
ادبی حلقوں کے مطابق "Mother F*cker” کے اجراء کے بعد ایک بار پھر یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ سکتی ہیں کہ کتاب میں بیان کیے گئے کردار دراصل کن معروف شخصیات کی نمائندگی کرتے ہیں، جس کے باعث اس کتاب کی اشاعت سے قبل ہی اس کے گرد غیرمعمولی دلچسپی پیدا ہو چکی ہے۔
