کراچی میں موسلا دھار بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کر دیا، مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تیز بارش کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں زیر آب آ گئیں اور کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ شارع فیصل کے علاقوں نرسری، فائن ہاؤس اور کارساز پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔
شہر کے دیگر علاقوں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، کیماڑی اور میٹروپول میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔
گارڈن روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ شہریوں کو ٹریفک جام اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بارش کے باعث کئی علاقوں میں نکاسی آب کا نظام متاثر نظر آیا اور پانی کے فوری اخراج کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کی ضرورت ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں میں عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ پانی کی نکاسی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے اور معمولات زندگی بحال کیے جا سکیں۔
کراچی میں موسلا دھار بارش، کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ
