بنگلورو: حیدرآباد سے ہبلی جانے والی Fly91 ایئرلائن کی ایک پرواز میں خراب موسم کے باعث شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جہاں مسافر تقریباً چار گھنٹے تک فضا میں معلق رہنے پر گھبراہٹ کا شکار ہو گئے اور کئی افراد رونے لگے۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں ایک خاتون کو ہاتھ جوڑ کر خاموشی سے دعا کرتے اور زار و قطار روتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں مسافروں کی چیخ و پکار سنائی دیتی ہے، جہاں کچھ لوگ “اوہ مائی گاڈ” پکارتے رہے جبکہ ایک شخص پائلٹ کے رویے پر غصے کا اظہار کرتا سنائی دیا۔ اسی دوران دیگر مسافر ایک دوسرے کو تسلی دیتے بھی نظر آئے۔Fly91 کی پرواز IC3401 (ATR ٹربو پروپ) کل دوپہر تقریباً 3 بجے حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی تھی اور اسے شام 4:30 بجے ہبلی پہنچنا تھا۔ تاہم لینڈنگ سے قبل خراب موسم کے باعث پائلٹس کو لینڈنگ منسوخ کرنا پڑی۔طیارہ منڈگود، داونگیرے اور شیواموگّا کے علاقوں کے اوپر چکر لگاتا رہا جبکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کی کوششیں جاری رہیں۔ اس دوران مسافروں نے پائلٹ سے بنگلورو یا بیلگام جانے کی درخواست بھی کی۔
پائلٹ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ مسافر صبر کریں اور ہدایات پر عمل کریں، جبکہ عملہ مسلسل صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔دوسری جانب مسافروں کے اہل خانہ نے ایئرلائن پر غفلت اور معلومات کی کمی کا الزام لگایا، ان کا کہنا تھا کہ انہیں بروقت اپڈیٹس فراہم نہیں کی گئیں۔تاہم ایئرلائن نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پرواز میں کوئی تکنیکی خرابی پیش نہیں آئی تھی۔ بیان کے مطابق خراب موسم کے باعث طیارے کو معیاری طریقہ کار کے تحت بنگلورو کی جانب موڑ دیا گیا، جو ہوا بازی کی صنعت میں ایک محفوظ اور معمول کی کارروائی ہے۔ایئرلائن نے مزید کہا کہ اس کے پائلٹس اور عملہ ہر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تربیت رکھتے ہیں اور مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔بالآخر طیارہ شام تقریباً 7:30 بجے بنگلورو کے کیمپے گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا، جس کے بعد مسافروں نے سکون کا سانس لیا۔
