Baaghi TV

ایران کی خاموشی، امریکی نائب صدر کا دورہ پاکستان مؤخر

‎اسلام آباد: ایران اور امریکا کے درمیان مجوزہ مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر کر دیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے مذاکرات میں شرکت کے حوالے سے واضح جواب نہ ملنے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
‎وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری جنگ بندی پاکستانی وقت کے مطابق 22 اپریل کی صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔ ایسے میں مذاکرات کی بحالی اور پیش رفت خطے کے امن کے لیے نہایت اہم سمجھی جا رہی ہے۔
‎امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جے ڈی وینس کا دورہ منسوخ نہیں بلکہ عارضی طور پر مؤخر کیا گیا ہے اور اسے کسی بھی وقت دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق دو ہفتوں پر مشتمل جنگ بندی اپنے اختتام کے قریب ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ایران یا امریکا اس کے بعد کیا حکمت عملی اپنائیں گے۔
‎امریکی میڈیا کے مطابق مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے امکانات موجود ہیں، لیکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ وہ کسی طویل المدتی معاہدے کے بغیر جنگ بندی میں توسیع کے حق میں نہیں ہیں۔ اس بیان نے صورتحال کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔
‎دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے کا ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ ایران اس وقت ہی مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ کرے گا جب اسے یقین ہو گا کہ بات چیت نتیجہ خیز ہو سکتی ہے۔

More posts