Baaghi TV

2 بچوں کے باپ سے 41 سالہ اداکارہ کی شادی، ماں نہ بننے کا فیصلہ

ممبئی: معروف بھارتی اداکارہ نیہا پینڈسے ایک بار پھر اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بیانات کے باعث خبروں میں آگئی ہیں۔ ڈرامہ بھابی جی گھر پر ہیں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے شوہر شاردل سنگھ بیاس سے شادی اور ماں نہ بننے کے فیصلے پر کھل کر بات کی ہے۔

نیہا پینڈسے نے سال 2020 میں شاردل سنگھ بیاس سے شادی کی تھی، جو اس سے قبل دو بار طلاق یافتہ رہ چکے ہیں اور دو بچوں کے والد بھی ہیں۔ اس شادی پر اداکارہ کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اب انہوں نے ناقدین کو واضح جواب دے دیا ہے۔ایک انٹرویو میں نیہا نے کہا کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹرولنگ اب عام بات بن چکی ہے اور ہر کسی کو اپنی زندگی اپنے فیصلوں کے مطابق گزارنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے معلوم ہے کہ میں نے ان سے شادی کیوں کی، یہ میری زندگی ہے اور میں اپنے فیصلے خود کرتی ہوں۔”اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شوہر کو اپنے لیے بہترین انسان سمجھتی ہیں اور یہی چیز ان کے لیے سب سے زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے معاشرے میں بڑھتی ہوئی طلاقوں پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر رشتہ زہریلا ہو جائے تو اسے ختم کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔

نیہا پینڈسے نے ماں بننے کے حوالے سے بھی دو ٹوک مؤقف اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال بچے کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی آبادی، محدود وسائل اور مہنگی ہوتی زندگی بڑے عوامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچے کی پرورش ایک بڑی ذمہ داری ہے جس میں وقت، توجہ اور مالی وسائل درکار ہوتے ہیں، جبکہ عملی طور پر اس کی زیادہ ذمہ داری خواتین پر ہی آتی ہے۔ نیہا کے مطابق وہ اس وقت اپنے کیریئر کو مستحکم کرنے پر توجہ دینا چاہتی ہیں اور اتنی بڑی ذمہ داری اٹھانے کے لیے خود کو تیار نہیں سمجھتیں۔اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے مستقبل کے امکان کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ایگز فریز کروا رکھے ہیں، تاہم اس عمل کو انہوں نے مشکل اور تکلیف دہ قرار دیا۔

نیہا پینڈسے کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں کچھ صارفین ان کے فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ کچھ اب بھی تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

More posts