چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ جدید اور انتہائی ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کا حصول پاکستان نیوی کے لیے ایک ناگزیر اسٹریٹجک ضرورت ہے –
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا اجلاس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کی، جبکہ اس میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے دوران نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نیوی کو روایتی اور غیر روایتی دونوں نوعیت کے بحری چیلنجز کے مقابلے کے لیے مسلسل جنگی تیاری برقرار رکھنی چاہیے انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بحری خطرات، بحری راستوں کی آزادی، اہم سمندری تجارتی راستوں میں ممکنہ رکاوٹوں اور اسٹریٹجک گزرگاہوں پر غیر مستحکم سیکیورٹی صورتحال کو ابھرتے ہوئے خطرات قرار دیا کہا کہ پاکستان نیوی خطے میں امن، استحکام اور بحری سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اپنی موجودگی کے ذریعے تحفظ کا احساس فراہم کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم میں مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ میں قربانیاں پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا نیول چیف نے اسے قومی اتحاد اور بیرونی جارحیت کے خلاف مضبوط عزم کی علامت قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں آپریشنل تیاریوں، جاری منصوبوں اور آئندہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا شرکا نے بحری حکمتِ عملی کو بدلتے ہوئے علاقائی سیکیورٹی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر غور کیا تاکہ مختلف شعبوں میں آپریشنل تیاری کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاکستان نیوی کا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے، جہاں بحریہ کے سربراہ اور سینیئر کمانڈرز پالیسی اور اسٹریٹجک امور پر مشاورت کرتے ہیں۔
