سیالکوٹ (بیورو چیف مدثر رتو) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام سیالکوٹ میں ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان کی عظیم کامیابی کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔کانفرنس میں مزمل اقبال ہاشمی، طاہر ہندلی، شیخ فیاض احمد، امتیاز احمد بریار، انجینیئر اعجاز نصر، پیر سید محبوب احمد گیلانی، حافظ جاوید گورایہ، آغا فدا حسین، الشیخ حکیم محمد عبدالواحد اور شیخ جاوید حیدر سمیت مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔شرکاء نے پاک افواج کی قربانیوں، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن میں ان کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور پاکستان کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے بعد پاکستان ایک مضبوط اور مستحکم ریاست کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ 10 مئی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کو ایک نئے زاویے سے دیکھا گیا، جہاں ملک نے اپنی مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ور افواج کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
سیالکوٹ میں آل پارٹیز کانفرنس، آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پاک افواج کو خراجِ تحسین
