Baaghi TV

وائٹ ہاؤس نے ایلون مسک کو دورۂ چین میں شرکت کی دعوت دے دی

وائٹ ہاؤس نے ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک اور ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹِم کک کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے رواں ہفتے ہونے والے دورۂ چین میں شرکت کی دعوت دے دی۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایک وائٹ ہاؤس عہدیدار کا کہنا ہے کہ گولڈمین ساکس کے ڈیوڈ سولومن، بلیک اسٹون کے اسٹیفن شوارزمین، بلیک راک کے لیری فنک، سٹی گروپ کی جین فریزر اور میٹا پلیٹ فارمز کی ڈینا پاول میک کارمک بھی ٹرمپ کے وفد میں شامل ہونے والے اہم کاروباری رہنماؤں میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک درجن سے زائد اعلیٰ کاروباری شخصیات پر مشتمل یہ وفد صدر ٹرمپ کے ساتھ چین جا رہا ہے، جہاں امریکی صدر کو امید ہے کہ بیجنگ کے ساتھ مختلف کاروباری معاہدے اور خریداری کے سمجھوتے طے پائیں گے متعلقہ کمپنیوں نے فوری طور پر اس حوالے سے تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ 13 سے 15 مئی کے دوران چین کا دورہ کریں گے، جسے واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان پیچیدہ تعلقات کے باوجود سفارتی روابط کی نئی کوشش قرار دیا جا رہا ہے،جبکہ ٹرمپ کے دورہ چین سے قبل امریکی فضائیہ کے C-17 گلوب ماسٹر III طیارے بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بڑے فوجی ٹرانسپورٹ طیارے ٹرمپ کے دورے کے لیے درکار گاڑیاں، سکیورٹی آلات اور دیگر لاجسٹک سامان لے کر آئےہیں یہ طیارے امریکی صدور کے دوروں کے لیے سکیورٹی اور آپریشنل تیاریوں کا اہم حصہ ہوتے ہیں۔

More posts