Baaghi TV

چینی کمپنی کا پاکستان میں بڑے صنعتی منصوبے کا اعلان، 20 ہزار ملازمتیں متوقع

CPEC

‎پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ایک چینی کمپنی نے بڑے صنعتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے سے ملک میں 20 ہزار سے زائد نئی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے جبکہ برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چینی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان کے صنعتی شعبے خصوصاً ٹیکسٹائل اور گارمنٹس انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎اس موقع پر چینی کمپنی نے پاکستان میں ایک بڑے صنعتی منصوبے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس منصوبے سے سالانہ 400 سے 500 ملین ڈالر تک کی برآمدات متوقع ہیں، جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
‎وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے چینی سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت “ایز آف ڈوئنگ بزنس” کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی اقتصادی زونز میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کی جا سکے اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم ہوں۔
‎جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت، نوجوان افرادی قوت اور صنعتی صلاحیت کی وجہ سے عالمی مینوفیکچرنگ کا ایک مضبوط مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
‎انہوں نے چینی وفد کو ہدایت کی کہ خصوصی صنعتی خام مال کی درآمد سے متعلق اپنی تجاویز وزارت تجارت کو پیش کریں تاکہ ان پر فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔
‎چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اپنے کاروباری تجربات کو مثبت قرار دیتے ہوئے پاکستانی افرادی قوت کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی معیار کی مینوفیکچرنگ کے لیے ایک موزوں ملک ہے اور وہ مستقبل میں اپنی سرمایہ کاری کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

More posts