معروف عالمی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی تازہ پاسپورٹ انڈیکس رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست میں 100ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ نئی رینکنگ کے بعد پاکستانی شہریوں کی عالمی سفری آزادی اب بھی محدود تصور کی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد دنیا کے تقریباً 30 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سہولت کے ساتھ سفر کر سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ سہولت پاکستانی شہریوں کے لیے کچھ آسانی پیدا کرتی ہے، تاہم پاکستان اب بھی کمزور پاسپورٹس والے ممالک میں شمار ہو رہا ہے۔
کیریبین اور امریکی خطے میں پاکستانی شہری بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، مونٹسیراٹ، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو جیسے ممالک میں ویزا فری یا آن ارائیول سہولت سے سفر کر سکتے ہیں۔
افریقی ممالک میں کینیا، روانڈا، سینیگال، سیچلز، سیرالیون، مڈغاسکر، موریطانیہ، جبوتی، گیمبیا، کیپ وردے اور گنی بساؤ شامل ہیں جہاں پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو نسبتاً آسان سفری سہولت دستیاب ہے۔
ایشیائی خطے میں مالدیپ، نیپال، سری لنکا، کمبوڈیا اور تیمور لیسٹے پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول یا محدود ویزا فری رسائی فراہم کرتے ہیں۔ جبکہ اوشیانا کے ممالک کک آئی لینڈز، مائیکرونیشیا، نیوئی، پلاؤ، ساموا، ٹوالو اور وانواتو بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور ایک بار پھر دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔ جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات بھی طاقتور پاسپورٹس کی فہرست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
جنوبی ایشیا میں بھارت 78ویں جبکہ بنگلہ دیش 96ویں نمبر پر موجود ہے۔ افغانستان دنیا کا سب سے کمزور پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے جو 103ویں نمبر پر ہے۔
ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی کسی ملک کے سفارتی تعلقات، معاشی استحکام اور عالمی اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنی سفارتی اور اقتصادی پوزیشن مضبوط بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستانی پاسپورٹ کی نئی رینکنگ جاری، شہری کتنے ممالک میں بغیر ویزا جا سکیں گے؟
