سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و رہنمائی نے اعلان کیا ہے کہ حج 1447 ہجری کے موقع پر عازمینِ حج کو مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے الیکٹرانک، ٹیلیفون اور فیلڈ چینلز کے ذریعے 24 گھنٹے خدمات جاری ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ نظام 20 ذوالقعدہ سے 20 ذوالحجہ تک فعال رہے گا، جس کے تحت وزارت کا ٹول فری خود کار ہاٹ لائن نمبر (8002451000) 200 علما اور 120 مترجمین پر مشتمل ٹیم کے ذریعے 14 زبانوں میں رہنمائی فراہم کررہا ہےایک انٹرایکٹو ویڈیو کال سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے، جو آئی پیڈز کے ذریعے 40 سے زیادہ زبانوں میں دستیاب ہے یہ سہولت مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور فضائی، زمینی اور بحری تمام داخلی راستوں پر فراہم کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے عازمین براہ راست علما سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل سہولیات کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 1822 علما کو مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے، جن میں مساجد، داخلی راستے اور اہم حج روٹس شامل ہیں۔یہ علما روزانہ لیکچرز، مسلسل رہنمائی اور انٹرایکٹو دروس کے ذریعے عازمین کو قرآن و سنت کی روشنی میں مناسکِ حج کی ادائیگی میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
