Baaghi TV

‎شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 22 دہشتگرد ہلاک

‎پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کیا جس کے دوران 22 دہشتگرد مارے گئے۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ایریا سینیٹائزیشن آپریشن 17 مئی 2026 سے جاری ہے اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
‎بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی “فتنہ الخوارج” تنظیم سے تعلق رکھتے تھے اور علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
‎فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔
‎آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ باقی دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
‎بیان میں کہا گیا کہ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ دہشتگرد مقامی آبادی کو ڈرا دھمکا کر اپنے لیے محفوظ راستے حاصل کرتے تھے اور شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے تھے۔
‎پاک فوج نے اس عمل کو انتہائی قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا کوئی جواز نہیں دیا جا سکتا۔
‎آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ “عزمِ استحکام” وژن کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔

More posts