پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
جاری کردہ پبلک نوٹس کے مطابق ملک بھر میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے لازمی قرار دیا گیا ایم ڈی کیٹ امتحان 16 اگست 2026 بروز اتوار منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی نے طلبہ و طالبات کو سہولت فراہم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس سال بھی گزشتہ برس والا ہی سلیبس لاگو ہوگا اور نصاب میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
کونسل کے مطابق امیدوار اسی سلیبس کے مطابق اپنی تیاری جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا قانونی طور پر لازمی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال ہونے والے ایم ڈی کیٹ امتحان میں 47 ہزار 772 امیدواروں نے حصہ لیا تھا۔
180 نمبرز کے امتحان میں 42 ہزار 48 امیدوار 50 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔
اسی طرح 39 ہزار 648 طلبہ نے 55 فیصد سے زائد نمبر حاصل کیے، جو ایم بی بی ایس پروگرام میں داخلے کیلئے کم از کم مقررہ معیار ہے۔
پی ایم ڈی سی نے تمام صوبائی داخلہ حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ امتحانی مراکز، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کی تیاری ابھی سے شروع کر دی جائے تاکہ امتحان شفاف اور منظم انداز میں منعقد کیا جا سکے۔
ایم ڈی کیٹ 2026 کی تاریخ کا اعلان، امتحان 16 اگست کو ہوگا
