دفتر خارجہ کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سمیت اعلیٰ چینی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سیاسی روابط، اسٹریٹجک شراکت داری اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم اپنے دورے کا آغاز چین کے شہر ہانگژو سے کریں گے جہاں وہ پاکستان چین بزنس ٹو بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس کی صدارت کریں گے۔ اس کانفرنس میں دونوں ممالک کے کاروباری رہنما اور سرمایہ کار شریک ہوں گے۔
بعد ازاں بیجنگ میں وزیر اعظم پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور شراکت داری کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی۔ پاکستان اور چین خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل سفارتی رابطوں میں ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 23 سے 26 مئی تک چین کا دورہ کریں گے
