Baaghi TV


بیلجیم میں ٹرین اور سکول وین میں خوفناک تصادم، کئی افراد ہلاک

‎بیلجیم میں ٹرین اور سکول کی منی بس کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ واقعے نے پورے علاقے میں غم کی فضا پیدا کر دی۔
‎مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ بیلجیم کے شہر بگن ہاؤٹ میں ایک ریلوے کراسنگ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرین نے سکول کی منی بس کو ٹکر مار دی۔
‎فلیمش سرکاری نشریاتی ادارے وی آر ٹی کے مطابق حادثے کے وقت منی بس میں سات بچے، ایک نگران اور ڈرائیور سوار تھے۔
‎ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ صبح آٹھ بجے کے کچھ دیر بعد پیش آیا جب ریلوے کراسنگ کے بیریئر پہلے ہی نیچے آ چکے تھے۔
‎وفاقی پولیس کی ترجمان این برگر نے بتایا کہ متاثرین کی مکمل تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی جا سکتیں کیونکہ پہلے اہل خانہ کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔
‎پولیس حکام کے مطابق ٹرین میں سوار کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا تاہم سکول وین کو شدید نقصان پہنچا۔
‎حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں، پولیس اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
‎بیلجیم کی فلیمش وزیر تعلیم زوہال دمیر نے سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک خبر ہے اور ان کی ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں اور اس سانحے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں۔
‎مقامی حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں جبکہ ریلوے کراسنگ کے نظام اور حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
‎یاد رہے کہ یورپی ممالک میں ریلوے کراسنگ حادثات کے بعد اکثر حفاظتی نظام اور ٹریفک قوانین پر سخت سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔

More posts